انڈر-19 ایشیاکپ کے گروپ میچ میں پاکستان کی بھارت کیخلاف بیٹنگ جاری ہے۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنائے۔ اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، ارشین کلکرنی 24 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹے جبکہ رودر پٹیل ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
تیسری وکٹ کی شراکت میں آدرش سنگھ اور بھارتی کپتان ادے سہارن 94 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم آدرش 62 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں مشیر خان 2، ارویلی اویناش 11، مروگن ابھیشیک 4 اور راج لمبانی 7 رنز بناسکے۔
میچ کے اختتامی اوورز میں سچن داس نے 3 چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے محمد ذیشان نے 4، عبید شاہ اور عامر حسن 2،2 جبکہ عرفات منہاس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان سعد بیگ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے میچ کامیابی سمیٹ کر جیت کر تسلسل کو برقرار رکھیں۔
اس موقع پر بھارتی ٹیم کے کپتان ادے سہارن نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ ہی کرنا چاہتے تھے تاکہ بڑا ہدف دے سکیں۔
دوسری جانب گروپ بی کی دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ میں کامیابی حاصل کرچکی ہیں۔