125

جاوید ہاشمی کا ن لیگ میں واپسی کا فیصلہ ٗمعاملات طے 


اسلام آباد ۔سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے مسلم لیگ (ن) میں واپسی کا فیصلہ کرلیا اور اس حوالے سے معاملات طے پا گئے۔ذرائع کے مطابق جاوید ہاشمی کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا باضابطہ اعلان رواں ماہ کے آخری ہفتے میں متوقع ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ مخدوم جاوید ہاشمی نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو ملتان دور ے کی دعوت دی ہے اور نوازشریف کی مریم نواز کے ہمراہ 27 یا 28 دسمبر کو جاوید ہاشمی کے گھر آمد متوقع ہے۔ذرائع کے مطابق نوازشریف کی ملتان آمد پر جاوید ہاشمی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کریں گے۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا کہنا تھا کہ جاوید ہاشمی ان کے بھائی ہیں اور وہ ان کی واپسی کا خیر مقدم کریں گی۔یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں جاوید ہاشمی نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے ملاقات کی تھی، جس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔اس موقع پر مریم نواز نے جاوید ہاشمی کو ویلکم بیک اِن ہوم کہا تھا۔

بعدازاں مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں جاوید ہاشمی کی سیاست اور (ن) لیگ کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ جاوید ہاشمی نے نواز شریف سے اختلافات کے باعث پارٹی کو خیرباد کہتے ہوئے دسمبر 2011 میں تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا تاہم پی ٹی آئی میں شمولیت کے بعد انہوں نے سابقہ پارٹی قائد سے اختلافات کا کھل کر اظہار کیا۔

2013 کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے اقتدار میں آنے اور تحریک انصاف کے حکومت مخالف دھرنوں کے دوران جاوید ہاشمی نے اْس وقت خبروں میں نمایاں حیثیت حاصل کی جب انہوں نے عمران خان سے اختلاف کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو بھی خیرباد کہہ دیا تھا۔۔