23

تحریک انصاف پورے پاکستان سے الیکشن لڑے گی، شعیب شاہین

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے ترجمان اور وکلاء ٹیم کے رکن شعیب شاہین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پورے پاکستان سے الیکشن لڑے گی اور ہر حلقہ سے امیدوار میدان میں اتارے جائیں گے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی ترجمان شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ ایک خوش آئند بات ہے 8 فروری کو الیکشن کا انعقاد ہونے جارہا ہے، الیکشن کمیشن نے اپریل کی تاریخ بھی دی تھی، آئین آج کاغذوں میں موجود ہے لیکن حقیقی طور پر معطل ہو چکا ہے۔

پی ٹی آئی ترجمان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے صدر پاکستان کو ملنے کی بجائے ایک خط لکھ دیا ، الیکشن کمیشن امریکی سفیر سے تو ملتا ہے لیکن آئینی سربراہ سے نہیں ملتا، جنوری کے بعد اب آٹھ فروری کی تاریخ طے ہو گئی ہے، اس بات کی کیا گارنٹی ہے کہ آٹھ فروری کو بھی الیکشن ہو جائیں گے۔

شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ آج سابق وزیر اعظم نواز شریف کے لیے تمام ادارے ہاتھ باندھ کر کھڑے ہیں ، ریاست کا مجرم لندن میں کیسے پروٹوکول کے ساتھ گھومتا رہا اور ائیرپورٹ پر بھی انہیں  شاہانہ پروٹوکول دیا گیا، کیا یہ نگران حکومت کے کہنے پر ان کو پروٹوکول دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ زور زبردستی سے سیاسی جماعت کو کریش کرنے کا نقصان ریاست کو ہوگا، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے آئین کے مطابق اسمبلی توڑنا جائز تھا، چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفر مقدمہ بنانا غلامی کی واضح مثال ہے، سازش کا پتہ لگانا کمیشن کی ذمہ داری تھی، سابق وزیر اعطم شہباز شریف نے فلور آف دی ہاؤس پر کہا تھا کمیشن بناؤں گا لیکن کمیشن اس لیے نہیں بنایا گیا کیونکہ سازشی یہ خود تھے۔

انہوں نے کہا کہ سائفر سیاسی انتقام کے سوا کچھ بھی نہیں ہے، جمعرات کو سائفر کی انٹرا کورٹ اپیل کا مقدمہ سننے والا بینچ بدل دیا گیا ہے۔

شعیب شاہین نے مزید کہا کہ آج صرف واحد امید سپریم کورٹ آف پاکستان ہے، لیول پلئینگ فیلڈ کیا ہمارے پاس تو فیلڈ ہی نہیں ہے۔