30

الیکشن کی تاریخ دینا نگراں حکومت کا نہیں، الیکشن کمیشن کا مینڈیٹ ہے، وزیراعظم

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ الیکشن کی تاریخ دینا نگراں حکومت کا نہیں، الیکشن کمیشن کا مینڈیٹ ہے، ہمارا کام الیکشن کمیشن کو انتخابات کے حوالے سے معاونت فراہم کرنا ہے۔

لاہور میں نجی یونیورسٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب اور پختونخوا کے انتخابات میرے وزیراعظم بننے سے پہلے ہی تاخیر کا شکار ہو چکے تھے، آرٹیکل 254 کہتا ہے کہ کوئی کام تاخیر سے ہونے کی وجہ سے غیرقانونی نہیں ہو جاتا۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے، نگراں حکومت عام انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کو وسائل فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اس وقت عبوری جمہوریت ہے مستحکم جمہوریت نہیں، انتخابات کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا، نگراں حکومت کا کام انتخابی ادارے کی معاونت کرنا ہے، ہمیں ایک دوسرے کے سیاسی نظریات کا احترام کرنا ہوگا،

نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ طالبعلمی کا زمانہ انسان کی زندگی کا قیمتی سرمایہ ہوتا ہے، نوجوان ہمارے ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، درست فیصلے آپ کی ترقی اور کامیابی کے ضامن ہوتے ہیں، تعصبات سے بالا تر ہو کر ہمیں قومی ترقی میں حصہ ڈالنا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نے کہا کہ معیار تعلیم کے فروغ میں لمز کا کردار ہے، کوشش ہو گی کہ آئندہ بھی آپ کے ساتھ نشستیں ہوتی رہیں۔