48

ورلڈ کپ: نیدرلینڈز کا بنگلہ دیش کو جیت کیلئے 230 رنز کا ہدف

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے 28 ویں میچ میں نیدرلینڈز نے بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 230 رنز کا ہدف دے دیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلا جا رہا ہے، نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیدرلینڈز کی ٹیم مقررہ 50 اوور میں 229 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

 

 

نیدرلینڈز کی بیٹنگ

نیدرلینڈ کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے، بنگلادیشی بولرز نے اپنا تجربہ بروئے کار لاتے ہوئے نیدرلینڈز کے اوپنرز کو 4 کے مجموعے پر ہی پویلین لوٹا دیا، وکرم جیت سنگھ 3 جبکہ میکس او ڈاؤڈ صفر پر پویلین لوٹ گئے۔

مڈل آرڈر نے بنگلادیشی بولرز کا جم کر مقابلہ کیا، تیسری وکٹ کی شراکت کے لیے ویزلی بیریسی اور کولن ایکرمین نے 59 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم بیریسی 41 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔

کولن ایکرمین 15 اور باس ڈی لیڈز 17، سائبرینڈ اینجلبرچٹ 35 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

اس کے علاوہ کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے 68 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی جبکہ لوگن وین بیک 23 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

 

 

یوں نیدرلینڈ کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 229 رنز پر بناکر آؤٹ ہوگئی اور بنگلہ دیش کے لیے 230 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

 

 

بنگلادیش کی جانب سے شورف الاسلام، تسکین احمد، مستفیض الرحمان اور مہدی حسن نے 2،2 جبکہ شکیب الحسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کا ٹاس

قبل ازیں کولکتہ میں کھیلے جارہے میچ میں نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس موقع پر نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے کہا کہ کوشش ہوگی میچ میں کامیابی سمیٹ کر ٹورنامنٹ میں دوبارہ کم بیک کریں۔

بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ مسلسل ہار سے ٹیم دباؤ کا شکار ہے، کوشش کریں گے نیدرلینڈز کیخلاف بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں۔

بنگلہ دیش اسکواڈ

بنگلہ دیشی ٹیم میں شکیب الحسن (کپتان)، تنویر حسن، لٹن داس، نجم الحسین شانتو، توہید ہردوئی، مشفق الرحیم، مہدی حسن معراج، محمود اللہ، حسن محمود، شرف الاسلام اور مستفیض الرحمان شامل ہیں۔

 

 

نیدرلینڈز اسکواڈ

نیدرلینڈز کی ٹیم میں وکرم جیت سنگھ، میکس او ڈاؤڈ، کولن ایکرمین، باس ڈی لیڈے، تیجا ندامانورو، اسکاٹ ایڈورڈز (کپتان)، سائبرینڈ اینجل بریکٹ، روئیلوف وین ڈیر مروے، لوگن وین بیک، آرین دت، پال وین میکرین شامل ہیں۔

 

 

دونوں ٹیموں نے کتنے میچز کھیلے؟

ورلڈ کپ میں بنگلا دیش اور نیدر لینڈز کی ٹیموں نے اب تک 5، 5 میچز کھیلے اور صرف ایک، ایک میچ ہی جیتا ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر بنگلہ دیش 8 ویں جبکہ نیدرلینڈز دسویں نمبر پر ہے۔