53

الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت غزہ متاثرین کے لیے امدادی سامان کی پہلی کھیپ روانہ

الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت غزہ متاثرین کے لیے امدادی سامان کی پہلی کھیپ روانہ کر دی گئی۔ 13 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان میں غذائی اجناس، ادویات، ڈیلیوری کٹس، بے بی کٹس، ہائی جین کٹس، مچھر دانیاں اور ضرورت کی دیگر اشیاء موجود ہیں۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں یہ امدادی سامان این ڈی ایم اے (نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) کی مدد سے مصر کی رفح بارڈر پہنچایا جائے گا، جس کے بعد یہ سامان غزہ پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ امدادی سامان بھجوانے کے حوالے سے این ڈی ایم اے سے مسلسل رابطے میں ہیں اور غزہ میں بھجوایا گیا امدادی سامان این ڈی ایم اے کے ایس او پیز کے مطابق مینج اور پیک کیا گیا ہے۔

 

alkhidmat3

سید وقاص جعفری نے کہا کہ غزہ اِس وقت شدید انسانی بحران کا شکار ہے جہاں پانی، خوراک ، طبی امداد اور ہائی جین کی اشد ضرورت ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن نے صورتحال خراب ہونے کے فوری بعد غزہ میں موجود بین الاقوامی رفاہی اداروں کے اشتراک سے میسر و موجود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا، جہاں متاثرین میں تیار کھانے، خشک راشن، ادویات، ہائی جین کٹس اور ونٹر پیکیج کی فراہمی کا کام جاری ہے۔

alkhidmat1

 

الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت اب تک 15 کروڑ کا امدادی سامان فراہم کیا جا چکا ہے اور مزید1 ارب روپے بھی غزہ متاثرین کے لیے مختص کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہماری خواہش ہے کہ امدادی سامان جلدازجلد متاثرین تک پہنچے،  پاکستان سمیت دیگرمتعلقہ ممالک سے ہماری اپیل ہے سامان کی ترسیل میں اپنا مثبت اور موثر کردار ادا کریں تاکہ معصوم بچوں، خواتین سمیت عام شہریوں کی جانیں بچائی جاسکیں.