22

عوام ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی روایتی سیاست سے تنگ آچکے ہیں، عبدالعلیم خان

مسلم لیگ ن کے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ٹکٹ ہولڈر اور پارٹی عہدیداروں نے صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان سے ملاقات میں استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق نائب صدرمسلم لیگ ن جلیل احمدخان موسیٰ خیل نے صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان سے لاہور میں ملاقات کی اور آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کیا۔ جلیل احمد خان موسیٰ خیل نے کہا کہ بلوچستان میں استحکام پاکستان پارٹی کی قیادت کو خوش آمدید کہیں گے۔

سیاسی رہنماؤں سے ملاقات میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ چھوٹے صوبوں کی زیادہ ترقی کے خواہاں ہیں، پرامید ہیں کہ استحکام پاکستان پارٹی آئندہ انتخابات میں ہر جگہ بڑی کامیابیاں حاصل کرے گی، پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں سے بھی اہم شخصیات پارٹی میں شامل ہو رہی ہیں۔ عوام ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی روایتی سیاست سے تنگ آچکے ہیں۔

عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن گزشتہ 40 برسوں سے اقتدار میں ہے، عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکے، عام آدمی کی زندگی کے مسائل میں ان 40 برسوں میں مزید اضافہ ہوا ہے، وفاق میں اقتدار کی باریاں لینے والے صوبوں میں بھی تین تین ادوار گزار چکے ہیں۔

صدر آئی پی پی کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ مہنگائی کے مارے عوام متبادل قیادت کے متلاشی ہیں، استحکام پاکستان پارٹی کا منشور ملکی مسائل کے عملی حل کا خاکہ پیش کرتا ہے۔

 پارٹی ڈسپلن کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم

دوسری جانب پارٹی صدر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت استحکام پاکستان پارٹی کی ڈویژنل رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا، جس میں پارٹی ڈسپلن کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم  کی گئی۔ اجلاس میں پارٹی ڈسپلن کیلئے 5رکنی کمیٹی قائم  کی گئی جس میں نوریز شکور، رانا نذیر،چوہدری ظہیر، طالب نکئی، رانا اسلم شامل ہیں۔

عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اجلاس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر غور و خوض جبکہ  پارٹی کے تنظیمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی پی پی صدر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے بارے میں کوئی ابہام نہیں لہذا پارٹی رہنما فوری انتخابی مہم شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ستیاناس اور پی ڈی ایم نے سوا ستیاناس کیا۔ عوام دونوں سے بیزار ہیں۔ آئی پی پی صدر کا کہنا تھا کہ کوئی کنفیوژن نہیں اپنی پارٹی کامضبوط اور واضح پارٹی بیانیہ دے رہے ہیں۔