37

نگران وزیراعظم کون ہوگا، اتحادیوں نے نامزدگی کا اختیار شہباز شریف کو دے دیا

اسلام آباد: اتحادیوں نے نگران وزیراعظم کی نامزدگی کا اختیار وزیراعظم شہباز شریف کو دے دیا۔

ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعظم کے ناموں پر مشاورت کے لئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کا اجلاس ویڈیو لنک پر ہوا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، آفتاب شیرپاؤ اور احمد وناز جدون شریک ہوئے۔

اجلاس میں نگران وزیراعظم کے ناموں پرمشاورت کی گئی، اسی دوران نگران سیٹ اپ کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ پی ڈی ایم اور اتحادیوں نے اہم اجلاس میں وزیراعظم کو نام فائنل کرنے کا اختیار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم جسے مناسب سمجھیں نگران وزیراعظم کےلئے نامزد کردیں۔

یاد رہے کہ اتحادی حکومت نے نگراں وزیراعظم کی تقرری آئین کے مطابق کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

گزشتہ روز وزیراعظم شہبازشریف کا ارکان پارلیمنٹ کو عشائیے کے دوران اسمبلی کی تحلیل کی ممکنہ تاریخ بتادی اور کہنا تھا کہ قومی اسمبلی ممکنہ طور پر 9 اگست کو تحلیل کردی جائے گی۔

مردم شماری کی منظوری کیلئے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس کل طلب

دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ مطابق مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس کل طلب کرلیا گیا ہے جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں حالیہ ڈیجیٹل مردم شماری کےنتائج پیش کے جائیں گے جب کہ مشترکہ مفادات کونسل مردم شماری کے نتائج کی منظوری دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کرے گی۔