31

الیکشن کمیشن کی آئی پی پی کو شاہین کے بجائے چڑیا کا نشان لینے کی پیشکش

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے استحکام پاکستان پارٹی اورآل پاکستان مسلم لیگ کی درخواست پر فیصلہ روک لیا گیا ، تاہم آئی پی پی کو شاہین کے بجائے چڑیا کا نشان لینے کی پیشکش کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں ممبر نثار درانی کی صدارت میں چار رکنی کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشانات الاٹ کرنے کی درخواستوں پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران استحکام پاکستان پارٹی اور آل پاکستان مسلم لیگ کی درخواست پر فیصلہ روک لیا گیا ، الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا کہ آئی پی پی نےشاہین کا نشان مانگا جو آل پاکستان مسلم لیگ کے پاس ہے، الیکشن کمیشن نے استحکام پاکستان پارٹی کو چڑیا کا نشان لینے کی پیشکش کر دی ۔

کمیشن نے آئی پی پی کے نمائندے سے کہا آپ چڑیا کا نشان لے لیں ، یہ بھی شاہین کی طرح پرندہ ہے،آپ کی ترجیحی لسٹ میں چڑیا کا نشان تیسرےنمبر پر ہے ، استحکام پاکستان پارٹی کی رجسٹریشن بھی زیر التوا ہے ، ضروری دستاویزات فراہم کی جائیں ۔

کمیشن نےآل پاکستان مسلم لیگ کیلئےشاہین کا نشان انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد سے مشروط کر دیا ۔ آل پاکستان مسلم لیگ نے بیس روز میں انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کی یقین دہانی کرا دی ۔