41

ہمارا ہر فیصلہ قوم کے وسیع تر مفاد میں ہوتا ہے، پیٹرولیم قیمتوں پر مریم کا ردعمل

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل میں کہا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کیا گیا۔

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔ وزیر خزانہ کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل 19 روپے 90 پیسے اور پیٹرول کی قیمت میں 19 روپے 95 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔

 اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں معلوم ہے حکومت اگلے چند دنوں میں ختم ہوجائے گی، چوائس تھی کہ یہ فیصلہ نہ کرتے اور نگران حکومت پر چھوڑ دیتے لیکن ہمارا ہر فیصلہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے اور قوم کے وسیع تر مفاد میں ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم قیمتوں میں اضافے کا معاملہ لیکر رات گئے تک اپنی ٹیم کے ساتھ بیٹھے رہے، حکومت کو معلوم ہے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے جیسے فیصلے عوام میں غم و غصے کو جنم دیتے ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ جب ہم نے حکومت لی تب ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، مشورے ملے کہ حالات مشکل ہیں حکومت نہ لیں مگر ہم نے ریاست کو بچانے کیلئے سیاست کو داؤ پر لگایا اور گزشتہ 15 ماہ میں بہت کام کیا۔