30

حکمران آئی ایم ایف کے حکم پر عوام پر ظلم بند کریں، سراج الحق

 لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران جاتے جاتے عوام پر پٹرول اور بجلی بم گراگئے۔

سراج الحق نے بیان میں کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، حکمران جاتے جاتے بھی عوام پر پٹرول اور بجلی بم گرا گئے، پٹرول اور ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں بیس روپے اضافہ ظلم کی انتہا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم نے مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ کیے ، اقتدار میں آکر مہنگائی کے سارے ریکارڈ توڑ دیے، مہنگائی، بدامنی ، بے روزگاری سے پریشان عوام کے لیے جینا مشکل ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پٹرول کی قیمت میں کم ازکم سو روپے کمی کرے، حکومت بجلی ، گیس ، ادویات کی قیمتوں میں کمی کرے، اشیائے خورونوش کی نرخ کم کیے جائیں۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ حکمران آئی ایم ایف کے حکم پر عوام پر ظلم بند کریں، عوام الیکشن میں ظالموں اور نااہلوں کا احتساب کریں گے، جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی جنگ جاری رکھے گی۔