24

جعلی حکومت پہلے مانی اور نہ بعد میں مانیں گے، مولانا فضل الرحمان

ڈیرہ اسماعیل خان میں مولانا فضل الرحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کے ڈیرہ اسماعیل خان آنے پر مشکورہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ڈیرہ اسماعیل خان کے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لیتے ہیں،انہوں نے کہا کہ 2017اور18میں نوازشریف ڈیرہ اسماعیل خان آئے تھے۔

نوازشریف نے بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بڑے منصوبوں کا آغاز کیا،بدقسمتی سے پی ٹی آئی کی حکومت آئی اور منصوبوں پر کام رک گیا،آج پھر یہاں ترقی کا عمل شروع ہو چکا ہے،کام جاری ہے اور ٹینڈر بھی جاری ہوئے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسعد محمود کی وزارت میں معاملات کی نگرانی خود کرتاہوں،میں نے خطے کی ترقی کی بات کی آج خوشی ہے کہ یہاں کام ہورہاہے،انہوں نے کہا کہ ہم نے سراٹھا کرسیاست کی۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ گزشتہ حکومت کی طرح لوگوں کو لایا گیا تو اسی طرح باہر کردیں گے،ہم نے سڑکوں پر ناجائز حکومت کے خلاف احتجاج کیا، ہمیں لڑنے کا تجربہ زیادہ اوردوستی کا بہت کم ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج پورے ملک میں میگا پراجیکٹس پر کام شروع ہوچکاہے،سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات ہمارے دوست ممالک ہیں،وہ ہم سے پوچھتے ہیں کہ آپ کا آئندہ کا لائحہ عمل کیاہوگا؟

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف دور میں گوادر سے تجارتی جہاز روانہ کیا،آج گوادر جو خطے کی ترقی کا ضامن ہے وہاں حالات کیاہیں،سی پیک پر منصوبوں کو روک کر اپنے آقاؤں کو خوش کیاگیا،انہوں نے کہاکہ ملک چھوٹا ہو یابڑااچھے تعلقات کے خواہش مند ہیں۔

ہم نے آج بھی ناجائز حکومت کو چیلنج کیا آئندہ بھی کریں گے،جعلی حکومت پہلے مانی اور نہ بعد میں مانیں گے،انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہمارا ہے کسی کی جاگیر نہیں،تمام معدنی ذخائر پر حق اس خطے کی نسلوں کا ہے، لوگوں کو جلد ووٹ اور الیکشن کا موقع ملے گا۔