37

الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کی درخواست منظورکرلی

الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 2 اگست تک ملتوی کردی۔

دوران سماعت توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی بالا آخر پیش ہو گئے، ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے سماعت کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے کمیشن کو بتایا کہ ہم الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوگئے ہیں، ہمارے پاس مکمل ریکارڈ نہیں، جواب جمع کرائیں گے۔

شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے سامنے میں پہلی دفہ پیش ہورہا ہوں، میرے پاس ریکارڈ نہیں ہے مہلت دے دیں۔ ممبر الیکشن کمیشن نے ریمارکس دیے کہ آج تو فرد جرم عائد کرنا ہے، فائل اور ریکارڈ دینا آپ کی ذمہ داری ہے۔

الیکشن کمیشن نے بعد ازاں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کی درخواست منظورکرتے ہوئے چارج فریم کرنے کےلئے حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز توہین الیکشن کمیشن کیس میں الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے تھے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان میں زیر سماعت توہین الیکشن کمیشن کیس میں عدم پیشی پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتار ی جاری کردیئے گئے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کئے گئے وارنٹ میں آئی جی اسلام آباد کو وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔