43

عسکری قیادت کا معیشت کی بحالی میں اہم کردار ہے، وزیر اعظم

لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عسکری قیادت کا ملک کی معیشت کی بحالی میں اہم کردار ہے، ملک کو چلانا ہے تو سب کو محبت سے مل کر چلنا ہوگا، حالات کا تقاضہ ہے تمام ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور چیمبر آف کامرس کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں آئی ایم ایف معاہدوں کی خلاف ورزی ہوئی جس سے مشکلات ہوئیں، سب کی مشترکہ کوششوں سے پروگرام دوبارہ بحال ہوا۔

انہوں نے کہا کہ 2 ارب ڈالرز سعودی ارب اور ایک ارب ڈالر یو اے ای سے آ چکے ہیں، چین کا ذکر کیے بغیر یہ کہانی نامکمل رہے گی کیونکہ اس نے بہت ساتھ دیا، 5 ارب ڈالر وقت پر نہ ملتے تو پاکستان ڈیفالٹ کر سکتا تھا، کوئی بہت بڑا معرکہ نہیں مارا بلکہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ بدقسمتی سے پچھلی حکومت نے امریکا کے ساتھ تعلقات کو کالی ضرب لگائی اور ذاتی مفاد کی خاطر قومی مفاد کو قربان کر دیا گیا، اتحادی حکومت نے امریکا سے تعلقات بحال کرنے میں دن رات ایک کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ٹیکس پر انحصار نہیں کرنا ہوگا دیگر اقدامات بھی کرنے ہوں گے، ٹیکس لینے اور نوٹ چھاپنے سے ہم ترقی نہیں کر سکتے، ٹیکس نیٹ کو بڑھانا ہوگا اور سب کو ملک کیلیے کام کرنا ہوگا، 90 کی دہائی میں ہم بھارت سے آگے تھے، آج وہ کہاں اور ہم کہاں ہیں؟

انہوں نے کہا کہ حالات کا تقاضہ ہے تمام ادارے آئینی حددود میں رہ کر کام کریں، اپنی صفوں سے کالی بھیڑوں کا خاتمہ کرنا ہوگا، یہ مشکل ضرور ہے ناممکن نہیں ہے، اتحاد سے بڑھیں گے تو کوئی مشکل راستے میں نہیں رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم کو بتا دیں بدقسمتی سے بجلی کی قیمت میں اضافہ کرنا پڑ رہا ہے، سرکلر ڈیٹ کو کہاں تک لے کر جائیں لائن لاسز بہت زیادہ ہیں، ملی بھگت سے جو چوری ہو رہی ہے اسے ٹھیک کرنا ہے۔