34

پولیس نے پرویز الہٰی کو 30 دن کیلئے نظر بند کرنے کی درخواست کردی

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ کی کیمپ جیل سے رہائی خدشے میں پڑ گئی۔

پولیس نے پرویز الہٰی کی نظر بندی کی درخواست کردی، نظر بندی کی درخواست 3 ایم پی او کے تحت کی گئی۔

پولیس کا درخواست میں کہنا ہے کہ چوہدری پرویزالہٰی کو 30 دن کے لیے نظر بندی کیا جائے۔

چوہدری پرویز الہٰی کی رہائی کے لیے روبکار جاری

دوسری جانب لاہور کی بینکنگ کورٹ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی رہائی کے لیے 5 لاکھ کے ضمانتی مچلکوں کے عوض روبکار جاری کر دی۔

ایف آئی اے بنکنگ کورٹ میں چوہدری پرویز الہٰی کی ضمانت کے بعد ضمانتی مچلکے منظور کر لیے گئے۔

مچلکوں کی جانچ پڑتال کے بعد چوہدری پرویز الہٰی کی روبکاری جاری کر دی گئی۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے بینکنگ کورٹ کے جج اسلم گوندل نے درخواست ضمانت بعد از گرفتاری منطور کر رکھی ہے۔

عدالت نے 5 لاکھ روپے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔ پرویز الہٰی کے بیٹے راسخ الہٰی کی جانب سے مچلکے جمع کروائے گئے۔

دوسری جانب گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری پرویز الہٰی کو کسی بھی نامعلوم مقدمے میں گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔