22

حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات شروع

 اسلام آباد: حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر تین میں دونوں فریقین کے درمیان الیکشن کے معاملے پر بات چیت کا آغاز ہوگیا۔

عمران خان کی جانب سے تشکیل دی گئی پی ٹی آئی کی تین رکنی مذاکراتی کمیٹی شاہ محمد قریشی کی سربراہی میں حکومت سے مذاکرات کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئی۔ پی ٹی آئی کی کمیٹی میں فواد چوہدری اور سینیٹر علی ظفر بھی شامل ہیں۔

حکومتی کمیٹی یا وفد میں پیپلزپارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی، نوید قمر، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ، لیگی رہنما ایاز صادق اور ایم کیو ایم کی رکن اسمبلی کشورہ زہرہ شامل ہیں۔

حکومت کی جانب سے تشکیل دی جانے والی سات رکنی کمیٹی میں جمیعت علما اسلام کا کوئی نمائندہ شریک نہیں ہے۔