40

ظل شاہ کیس: حسان نیازی سمیت تمام ملزمان کی ضمانت منظور

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے ظل شاہ کیس میں حسان نیازی سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے ملزمان کو مقدمے میں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ظل شاہ کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے حسان نیازی سمیت دیگر 6 ملزمان کی ضمانت منظور کرلی، عدالت نے ملزمان کو ایک ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے مقدمے میں تمام ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔

عمران خان کے بھانجے حسان نیازی سمیت دیگر ملزمان کیخلاف تھانہ ریس کورس میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس

دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے حسان نیازی کی ضمانت منظور ہونے پر نظرثانی اپیل کی سماعت کی۔ ایڈیشنل سیشن جج سکندر خان کی عدالت میں عدالتی بیلف اور تفتیشی افسر پیش ہوئے۔

جج نے استفسار کیا کہ کیا نوٹس کی تعمیل کرائی ہے؟، عدالتی بیلف نے کہا کہ حسان نیازی کے گھر میں کوئی موجود نہیں تھا۔ جج نے ریمارکس دیئے کہ گھر میں فیملی کے کسی اور فرد سے بھی نوٹس کی تعمیل کرائی جاسکتی ہے، حسان نیازی کے گھر گئے، تالہ لگا تھا تو رپورٹ میں تالے کا ذکر کردیتے۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ حسان نیازی کے والد سے نوٹس کی تعمیل کرائیں۔ سماعت 4 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔

کراچی کی عدالت میں پیشی

دریں اثناء حسان خان نیازی کو کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کیا گیا، وکلاء نے حسان نیازی کو ہتھکڑی لگا کر پیش کرنے پر اعتراض اٹھایا۔ عدالت نے ایک ہاتھ کی ہتھکڑی کھولنے کا حکم دیدیا۔