86

فاسٹ بولر نسیم شاہ بلوچستان پولیس میں اعزازی ڈی ایس پی بن گئے

قومی ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر نسیم شاہ بلوچستان پولیس میں ڈی ایس پی بنا دیئے گئے۔

قومی فاسٹ بولر نسیم شاہ بلوچستان پولیس کے اعزازی سفیر مقرر کردیئے گئے ہیں، اس حوالے سے کوئٹہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اعلی پولیس حکام اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں فاسٹ بولر نسیم شاہ کو آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے ڈی ایس پی کا اعزازی رینک لگایا۔ تقریب میں بلوچستان پولیس کے شہداء پر مبنی ڈاکو مینٹری بھی دکھائی گئی، اور پشاور سانحے کے شہدا کے لئے فاتحہ خوانی بھی ہوئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ کا کہنا تھا کہ آج ہم اپنے قومی ہیرو کو تسلیم کرنے سمیت بلوچستان پولیس کو اعزاز دے رہے ہیں، مہذب قومیں اپنے ہیروز کو قومی ہیرو کے طور پر پیش کرتی ہیں۔

آئی جی بلوچستان نے کہا کہ نسیم شاہ کو بلوچستان پولیس کا حصہ بنانا اعزاز کی بات ہے، فاسٹ بولر نے کم مدت اور محدود وسائل میں کرکٹ کا سفر طے کیا، گلیوں سے کھیل کر قومی ٹیم تک پہنچنا اعزاز کی بات ہے، آج نسیم شاہ نوجوانوں کو رول ماڈل کے طور پر نظر آ رہا ہے۔

آئی جی عبدالخالق شیخ کا کہنا تھا کہ بلوچستان پولیس کا مقصد صوبے میں امن کا قیام ہے، بلوچستان پولیس مشکل حالات اور کم وسائل کے باوجود چیلنز کو فیس کیا، صوبے کے 900 اہلکار اور افسران جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔