27

کراچی میں درجہ حرارت 6.7 ڈگری ریکارڈ

کراچی: شہر قائد میں درجہ حرارت 6.7 ڈگری سینٹی گریڈ پر آگیا، بیس مسرور پر 8 ڈگری اور میٹ کمپلیکس پر 9.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

 ہفتے کو تیسرے روز بھی شہر میں سردی کی شدت برقرار رہی، اس دوران بلوچستان کی شمال مشرقی ہوائیں چلیں جس کی رفتار 18 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی، صبح کی معمولی دھند کی وجہ سے حدنگاہ کم ہو کر 4 کلومیٹر رہ گئی تھی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر میں متفرق ویدر اسٹیشنز کے اعداد و شمار جاری کیے گئے جس کے مطابق میٹ آفس کے سرکاری ویدر اسٹیشن (پہلوان گوٹھ) پر کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تاہم دیگر سرکاری ویدر اسٹیشنز پر مختلف درجہ حرارت ریکارڈ ہوئے۔

پی اے ایف بیس فیصل پر 11 ڈگری، میٹ کمپلکیس پر 9.5، پی اے ایف بیس مسرور پر 8 جبکہ سب سے کم درجہ حرارت جناح ٹرمینل پر 6.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات کے صوبے کے دیگر شہروں کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق موہنجودڑو میں پارہ نقطہ انجماد پر رہا اور کم سے کم درجہ حرارت صفر ریکارڈ ہوا۔ سکھر، پڈعیدن میں کم سے کم پارہ 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، لاڑکانہ، مٹھی میں پارہ 3 ڈگری، چھور میں پارہ 3.2، دادو میں 3.5، ٹنڈوجام میں 3.5، جکیب آباد 4 ڈگری، روہڑی، شہید بےنظیرآباد میں پارہ 5.5 ڈگری، بدین میں 6.5، حیدرآباد8.4، ٹھٹھ میں 8.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق صوبہ سندھ میں سردی کی لہر بدستور جاری ہے، مختلف اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت میں 2 سے 6 ڈگری کی کمی ہوئی ہے، سردی کی لہر 17 جنوری تک برقرار رہ سکتی ہے۔

کراچی، حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈوالہیار، ٹنڈومحمد خان، بدین، سجاول اور ٹھٹھہ میں پارہ 5 سے 7 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے۔ لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، کشمور، جکیب آباد، جامشور، دادو، تھرپار کرکے اضلاع میں درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 3 روز کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا، اتوار کو پارہ 8 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ پیر کو پارہ 8 سے 10 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

تین روز کے دوران کراچی بلوچستان کی شمال مشرق ہواؤں کے زیر اثر رہ سکتا ہے۔ کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی کمی سے 20 سے 22 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دوسرے روز بھی 23.4 ڈگری ریکارڈ ہوا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 10 فیصد رہا۔