23

سندھ حکومت کی درخواست پھر مسترد؛ کراچی، حیدرآباد میں انتخابات کل ہی ہونگے، الیکشن کمیشن

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سندھ میں صوبائی حکومت کی جانب سے انتخابات ملتوی کروانے کی درخواست پھر مسترد کردی، کراچی، حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کل ہی ہوں گے۔

سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو آج خط لکھا تھا کہ سکیورٹی فورسز کی عدم دستیابی کی بنا پر بلدیاتی انتخابات موخر کردیے جائیں۔

خط میں کہا گیا تھا کہ چیف سیکرٹری سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن بھی شریک تھے، اجلاس کے شرکاء کو سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو درپیش سکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا۔ وفاقی حکومت فوج اور رینجرز کی پولنگ سٹیشنز پر تعیناتی سے معذرت کرچکی ہے جبکہ حالات کا تقاضا ہے کہ پولنگ سٹیشنز پر فوج اور رینجرز کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔

الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس

سندھ حکومت کے خط پر اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس طلب کیا گیا، جس میں سوچ بچار کے بعد سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ شیڈول کے مطابق کل اتوار کو ہی کرنے کا فیصلہ کیا گیا، کراچی سمیت حیدر آباد، ٹھٹھہ ڈویژنز میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی ہوں گے۔