26

ہم پاک سرزمین پارٹی سے ایم کیو ایم پاکستان کی طرف ہجرت کررہے ہیں، مصطفیٰ کمال

پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ آج مصطفیٰ کمال اور اس کے ساتھی آج ایک اور ہجرت کرنے آئے ہیں، اور وہ ہجرت ہم پاک سرزمین پارٹی سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی طرف کررہے ہیں۔

مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نہ یہ ہماری ذات کا مسئلہ ہے، نہ یہ ہماری آرگنائزیشن کا مسئلہ ہے، یہ پاکستان کا مسئلہ ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آصف علی زرداری سے مؤدبانہ بات کرتا ہوں، ان کا ارادہ ہے کہ بلاول بھٹو کو وزیراعظم پاکستان بنائیں لیکن وہ اپنے وزیروں کو سمجھائیں کہ وہ اپنی چند سیٹوں کی خاطر کراچی پر قبضہ کرکے اگر انہوں نے پورے کراچی کو پیپلز پارٹی کا مخالف بنا لیا تو کیا بلاول بھٹو افورڈ کرسکیں گے کہ کراچی کو اپنے خلاف کھڑا کرلیں اور وزیر اعظم بن جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانا ہے تو سندھ کے شہری علاقے کے لوگوں کی داد رسی کرنی پڑے گی، ان کے دکھوں پر مرہم رکھنا پڑے گا، اپنے دلوں کو بڑا کرنا پڑے گا، میں کوئی مخالف نہیں کررہا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ کے شہری علاقوں کے ساتھ ہونے والے رویے، سیاسی آزادیوں پر لگائی جانے والی قدغن، مردم شماری، حلقہ بندی، ووٹر لسٹ، نوکریوں ، شناخت پہچان، عزت نفس یہ سب زد میں رہی ہے۔

فاروق ستار، مصطفیٰ کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم پریس کانفرنسز اور عوامی جلسوں میں اپیل کرتی رہی ہے کہ حالات سنگین سے سنگین تر ہو رہے ہیں، ہم سب کو اس کی سنگینی کا احساس ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم تمام لوگ، اپنی آواز میں آواز ملائیں، اور کراچی کو منی پاکستان کہا جاتا ہے، ہر مسلک اور فرقے سے تعلق رکھنے والے یہاں بستے ہیں۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس حالات میں ہم سب نے اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کی ہیں، ہماری اس اپیل کر، اس دعوت شمولیت اور شراکت پر تمام لوگوں نے آپس نے خاص طور پر جو نیا مرحلہ شروع کیا تھا، جس میں کراچی کو اس کے اصل وارثوں سے چھیننے کی جو سازش اور منصوبہ بنایا گیا تھا، اس کو ناکام بنانے کے لیے ہم سب کو اکھٹا ہو کر آگے بڑھنے اور آواز بلند کرنے کی جو ضرورت تھی، آج ہم سب کی مشترکہ کوششیں اور کاوشیں رنگ لائی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال، انیس کمال اور ان کے کارکنان اور فاروق ستار اپنے ساتھیوں کے ساتھ یہاں آئے ہیں، اور بہت سے خواب اور بہت سی امید اور بہت سے یقین آپ کی موجودگی میں اس قوم کو مل رہا ہوگا۔

سینئر رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ آج ایم کیو ایم پاکستان کے تین دھڑے آپس میں باہم ملنے جار ہے ہیں، ہم سب آج واپس ایم کیو ایم میں واپس جا رہے ہیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن انتہائی اہمیت کا حامل دن ہے، ہمارا قافلہ بہادر آباد ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز کے لیے روانہ ہو گا، اسی طرح کراچی کے تمام علاقوں سے لوگ بھی وہاں پر پہنچ رہے ہیں، حیدرآباد سے بھی ایک قافلہ آ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب اس بات پر آمادہ ہیں کہ اب ہمیں اپنے نوجوانوں کو آگے لانا ہے، اور آئندہ ان کے ہاتھ میں قیادت دینی ہے، نیا خون، نئے چہرے اور نوجوان قیادت ہی تنظیمی اور سیاسی سطح پر عوام کے سامنے لائیں گے۔

فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کو دوبارہ ووٹ بینک سے جوڑیں گے، لوگوں کا اعتماد دوبارہ حاصل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مظلوم اور حق پرست عوام، پسے ہوئے طبقے اور پڑھے لکھے نوجوانوں کے لیے خوشخبری ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی ری یونیفکیشن کا عمل ہے، میں نے شروع کیا ہوا ہے، آج ایم کیو ایم پاکستان کے تین دھڑے آپس میں باہم ملنے جار ہے ہیں، ہم سب آج واپس ایم کیو ایم میں واپس جا رہے ہیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی نے دعوت دی ہے، ہم تمام کارکنان کے ساتھ واپس جا رہے ہیں، وہ تمام لوگ آج بھی ایم کیو ایم پاکستان میں شرکت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس چھاپ کو ہٹانا چاہتے ہیں، جو ایم کیو ایم پاکستان پر لگی ہوئی تھی، اسی چھاپ کو ہٹانے کے لیے ہم ایم کیو ایم پاکستان میں واپس جا رہے ہیں، اور جو بگاڑ یا خرابی ایم کیو ایم کے ساتھ منسوب رہی، اس کو دور کریں گے۔