21

پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی کے ہوتے ہوئے ملک کو دشمن کی ضرورت نہیں: سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی کے ہوتے ہوئے ملک کو دشمن کی ضرورت نہیں ہے۔

مولانا مودودی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی ٹرائیکا نے ہماری تہذیب، سماج، سیاست اور معیشت سمیت سب کچھ تباہ کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چترال سے کراچی تک لوگ آٹے کی قطاروں میں کھڑے ہیں، حکمرانوں کو گاڑیوں کی ضرورت ہے اور عوام روٹی کے نوالوں کے لیے دربدر پھر رہے ہیں، پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی کے ہوتے ہوئے ملک کو دشمن کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ استعمار نے پاکستان پر حکمرانی کے لیے سیاسی جماعتوں کی شارٹ لسٹنگ کی ہوئی ہے اور حکمران جماعتوں کو اسٹیبلشمنٹ کی پشت پناہی حاصل ہے، یہ اسٹیبلشمنٹ کے گملوں میں پلنے والے اسٹیبلشمنٹ کی سپورٹ کے بغیر ہفتہ بھر سیاست نہیں کر سکتے۔

سراج الحق کا کہنا تھا جنیوا کانفرنس میں چند ارب ڈالر ملنے پر حکمران خوشی کے شادیانے بجا رہے ہیں، وزیراعظم اور وزیر خزانہ بیرونی امداد پر بغلیں بجانے کی بجائے علامہ اقبال کا درس خودی پڑھیں، وزیراعظم بتائیں سیلاب متاثرین کے لیے اعلان کردہ 70 ارب روپےکہاں گئے؟

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پی ٹی آئی پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے تقریباً 15کروڑ لوگوں پر حکومت کر رہی ہے جبکہ پی ڈی ایم کی 14جماعتیں مرکز اور بلوچستان میں حکمران ہیں، پیپلزپارٹی سندھ میں 15 برسوں سے حکومت کر رہی ہے، ان سب نے مل کر ملک کو برباد کیا، حکمرانوں نے مل کر کشمیر کو فروخت کیا، حکمران آج ملک کے ائیرپورٹس، ریلوے، موٹرویز بیچنے کو تیار ہیں۔