24

الیکشن کمیشن کی کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کی تیاری مکمل

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی اور حیدر آباد میں 15 جنوری کو الیکشن کرانے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی و حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات اور دہری الیکٹورل فہرستوں کے معاملے پر ایم کیو ایم کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ محفوظ کیا گیا فیصلہ کل سنائیں گے جبکہ کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن اب ملتوی نہیں ہوں گے بلکہ 15 جنوری کو ہی ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی جانب سے لگایا گیا دہری لسٹوں کا الزام الیکشن کمیشن کی جانب سے رد کیے جانے کا امکان ہے۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ بلدیاتی الیکشن پرانی فہرستوں پر ہی ہوں گے۔

واضح رہے کہ جمعے کے روز چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا تھا کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات کسی صورت ملتوی نہیں کیے جا سکتے، ادھر ادھر کی بات نہ کریں جو مسئلہ ہے ایک مرتبہ بیان کریں تاکہ ہم اکٹھے سن لیں۔

جمعے کو چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق دہری انتخابی فہرستوں کے معاملے پر ایم کیو ایم کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا تھا کہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے اور کراچی کے بلدیاتی الیکشن میں تاخیر نہیں ہو سکتی۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال 22 نومبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کراچی کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے کہا گیا تھا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری 2023ء کو ہوں گے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کراچی کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق فیصلہ خود سنایا تھا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ حکومت کی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ حیدر آباد میں بھی بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی ہوں گے۔

گزشتہ سال 18 نومبر کو سندھ ہائی کورٹ نے کراچی اور حیدر آباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔

عدالتِ عالیہ نے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے خلاف جماعتِ اسلامی اور پی ٹی آئی کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے ان کے حق میں فیصلہ سنایا تھا۔

عدالتِ عالیہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو حکم دیا تھا کہ وہ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرے۔