27

کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹی فکیشن کچھ دیر بعد واپس

کراچی: شہر قائد میں ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹی فکیشن کچھ دیر بعد واپس لے لیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ نوٹی فکیشن پر اظہار ناراضی کرتے ہوئے کمشنر کراچی کو فیصلہ واپس لیتے ہوئے نیا نوٹی فکیشن جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔

 کمشنر کراچی نے شہر میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی تھی تاہم وزیراعلیٰ کے حکم پر فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اب حالات بہتر ہیں ہم نے تفریحی مقامات پر پابندی نہیں لگائی، شہری نئے سال کا جشن مناسکتے ہیں،  مجھے امید ہے کہ میرے نوجوان ڈبل سواری پر پابندی کے خاتمے کے فیصلے کا احترام کریں گے، نوجوان نئے سال کی خوشیاں خوب منائیں لیکن ایک دوسرے کے احترام اور عزت کے ساتھ منائیں، مجھے امید ہے کہ کوئی بھی نوجوان ون ویلنگ یا اسلحے کی نمائش نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ میرے نوجوان باشعور ہیں، اپنا اور دوسروں کے اہل خانہ کا احترام اور خیال رکھیں گے، امید ہے کہ نیا سال سیلاب متاثرین کی بحالی، ملک میں جمہوریت اور معیشت کی مضبوطی کا سال ہوگا۔

اسی ضمن میں وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کمشنر کراچی کے بیان کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ عوام نئے سال کا جشن منا سکتے ہیں لیکن ہوائی فائرنگ نہ کریں، جشن میں راستے بند کریں اور نہ ہی ون ویلنگ کریں۔

قبل ازیں کمشنر کراچی کی جانب سے ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا ہے کہ پابندی کا اطلاق 31 دسمبر 2022ء اور یکم جنوری 2023ء کے لیے ہے۔