پاکستان میں گردوں کے امراض کے ساتھ ساتھ پتے کی پتھری کے بھی لاتعداد مریض سامنے آرہے ہیں، آگر خدانخواستہ آپ بھی اس مرض میں مبتلا ہیں تو وقت ضائع کئے بغیر معالج سے رجوع کریں تاکہ بہترین علاج تجویز کیا جاسکے۔
پتے میں پتھری ہونے کی صورت میں ظاہر ہونے والی علامات کو دور یا اس کا امکان کم کرنے کے لئے کچھ غذائیں معاون ہوسکتی ہیں، اس لئے ضروری ہے کہ پتے کو صحت مند رکھنے کے لیے اپنی خوراک میں درج ذیل غذائیں شامل کریں۔
سبزیوں اور پھلوں کے ساتھ ساتھ متوازن غذا کا استعمال آپ کے پتے کو صحت مند رکھنے کا ایک بہترین طریقہ ہے، سبزیاں اور پھل فائبر اور صحت بخش غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتے ہیں جوپتے کو صحت مند رکھنے کے ساتھ آپ کی مجموعی صحت کو بہتر بناتے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شملہ مرچ، پھلیاں، کھٹے میٹھے پھل جیسے لیموں، نارنگی، گہراسبزرنگ کی پتوں والی سبزیاں، مچھلی، کم چکنائی والی ڈیری مصنوعات، دودھ، گریاں، ٹماٹر، دالیں پتے میں پتھری کے امکان کو کم کرنے میں معاون ہیں۔ماہرین کے مطابق ان غذاؤں میں کیلشیم، وٹامن سی، یا بی وٹامنز زیادہ پائے جاتے ہیں، اور یہ اجزاء پتے کی صحت کے ضامن ہوتے ہیں ، اس کے علاوہ پودوں سے حاصل ہونے والا پروٹین بھی پتے میں پتھری بننے کے عمل کو روکنے میں مدد گار ہوتا ہے جبکہ گری دار میوے، پھلیاں اور دالیں سرخ گوشت کا بہترین متبادل ہیں۔
کن غذاؤں سے پرہیز کیا جائے؟
اگر آپ اپنے پتے کی حفاظت کرنا چاہتے تواس کے لیے کچھ غذاؤں سے پرہیز کرنا ہوگا اس ضمن میں سب سے مضر پراسیس شدہ اور زیادہ چکنائی والی غذائیں ہیں، تیل یا چکنائی میں تلی ہوئی غذائیں جیسے مونگ پھلی کا تیل اور سبزیوں کا تیل ہضم ہونا مشکل ہوتا اور یہ پتے لیے کے مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔
اس کے علاوہ میدے سے بنے کھانے جیسے ڈبل روٹی، سفید پاستا اور شکر سے پرہیزکرنا آپ کے پتے کو صحت مند رکھ سکتا ہے اس کے علاوہ ہر طرح کا نشہ جیسے تمباکو اور شراب نوشی سے بچنا بھی ضروری ہے۔