96

آئی او ایس 15.6 اپ ڈیٹ میں صارفین کو بیٹری مسائل کا سامنا

کیلیفورنیا: مہینوں کے انتظار کے بعد ایپل نے گزشتہ ہفتے آئی او ایس 15.6 کی اپ ڈیٹ جاری کی۔ اس اپ ڈیٹ میں متعدد اہم بگز کو ٹھیک کیا گیا جن میں ایک مسئلہ بھی شامل تھا کہ سیٹنگ ایپ اسٹوریج باقی ہونے کے باوجود عدم دستیابی ظاہر کرتی ہے۔

جہاں متعدد آئی فون صارفین نے بے صبری سے اپ ڈیٹ ڈاؤن لوڈ کی، متعدد نے یہ شکایت کی کہ آئی او ایس 15.6 ان کی بیٹری کو متاثر کر رہی ہے۔

آئی ایپل بائیٹس کے محققین نے بیٹری پر آئی او ایس 15.6 کی آزمائش کی اور دیکھا کہ سافٹ ویئر نے متعدد آئی فون ماڈلز کی بیٹری لائف کم کر دی تھی۔

زیڈ ڈی نیٹ کے ایک محقق ایڈریان کِنگسلے-ہیوز نے بتایا کہ آئی فون میں ایک نئے آپریٹنگ سسٹم کا انسٹال کیا جانا پس منظر میں بہت کچھ شروع کر دیتا ہے جس میں بیٹری کی اِنڈیکسنگ سے ری کیلیبریٹنگ تک شامل ہوتی ہے اور یہ عمل کئی گھنٹوں یا دنوں تک جاری رہ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف توانائی استعمال کرتا ہے بلکہ بیٹری ری کیلبریشن یہ تاثر دے سکتی ہے کہ یہ بیٹری زیادہ تیزی سے خرچ ہو رہی ہے جبکہ ایسا نہیں ہوتا ہے۔

کنگسلے -ہیوز کا کہنا تھا کہ اگر آپ اپنے آئی فون کی بیٹری کے متعلق فکر مند ہیں اور کچھ ہی دن قبل آپ نے آئی او ایس 15.6 کی اپ ڈیٹ حاصل کی ہے تو آپ اپنی بیٹری کا معائنہ کرائیں۔