205

بالی وڈ کا مشہور گانا 'کیسریا' پاکستانی گانے 'لاری چھوٹی' کا چربہ نکلا

رنبیر کپور  اور  عالیہ بھٹ بڑے پردے پر  پہلی بار  ایک ساتھ جلوہ گر ہونے کو  تیار  ہیں تاہم ان کی پہلی فلم ’براہمسترا‘ کا گانا ریلیز  ہو تے ہی اس پر پاکستانی گانے کی کاپی کا الزام لگ گیا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ پر فلمائے گئے گانے ’کیسریا‘ کو پاکستانی گانے ’لاری چھوٹی‘ کا چربہ قرار دیا جارہا ہے۔

ٹوئٹر پر ایک صارف نے دونوں گانوں کی ویڈیو کو  ملا کر شئیر کیا اور لکھا کہ یہ پاکستانی بینڈ 'کال' کے گانے 'لاری چھوٹی' کے دھن کی طرز  پر بنایا گیا ہے جسے ہندی فلم ’اک چالیس کی لاسٹ لوکل‘ میں گایا گیا تھا۔

ٹوئٹر پر دیگر صارفین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ لاری چھوٹی دوبارہ آگیا تو کسی نے بالی وڈ کو پاکستان کے پرانے اور مشہور گانوں کی لسٹ بتا دی۔ 

واضح رہے ’کیسریا' گانے کو  17 جولائی کو ریلیز کیا گیا تھا جسے گلوکار ارجیت سنگھ نے گایا ہے اور اس کی شاعری امیتابھ بھتا چاریہ نے لکھی ہے جب کہ اس سے قبل بھی بالی وڈ نے پاکستانی گانوں کو اپنی فلموں میں استعمال کیا ہے۔