120

امریکی شہریوں کو پاکستان میں محتاط رہنے کی ہدایت

اسلام آباد، بیجنگ ،واشنگٹن ۔پاکستان میں امریکی اور چینی سفارت خانوں نے اپنے شہریوں کے لیے سیکورٹی الرٹ جاری کر دیے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے بعد مسلم ممالک بالخصوص پاکستان میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کے پیش نظر پاکستان میں امریکی اور چینی سفارتخا نوں نے اپنے شہریوں کے لیے سیکورٹی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

امریکی سفارتخانے کے مطابق اسرائیل کو دارالحکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ احتجاجی مظاہروں کو جنم دے سکتا ہے اور کچھ مظاہرے پرتشدد بھی ہوسکتے ہیں لہذا امریکی شہریوں کو ہوشیار رہنے کی ہدایت کرتے ہیں۔سیکورٹی الرٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی شہری اپنے ذاتی سیکیورٹی کے اقدامات پر نظرثانی کریں اور اپنے ارد گرد کے حالات اور مقامی سرگرمیوں سے آگاہ رہتے ہوئے سیکیورٹی کے لیے مناسب اقدامات کریں۔

دوسری جانب چین کے سفارت خانے نے پاکستان میں اپنے شہریوں کے لیے سفری ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس کے مطابق داعش پاکستان اور افغانستان میں متحرک ہے لہذا چینی باشندے پاکستان میں اپنی سیکیورٹی کا خود خیال رکھیں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں