211

عرب لیگ کا فلسطین کو تسلیم کرانے کیلئے سفارتی کوششیں شروع کرنے کا فیصلہ

بیت المقدس کے حوالے سے امریکی فیصلے کی کوئی آئینی اور قانونی حیثیت نہیں، عرب لیگ فوٹو: فائل

عمان: عرب لیگ نے فلسطینی ریاست تسلیم کرانے کیلئے سفارتی کوششیں شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

غیرملکی میڈیا کےمطابق مقبوضہ اردن کے دارالحکومت عمان میں عرب لیگ میں شامل 6 ممالک کا اجلاس ہوا جس میں بیت المقدس کے معاملے پر غور کیا گیا۔ عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط نے اجلاس کی صدارت کی جس میں مصر، مراکش، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، فلسطین اور اردن کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔

اردن کے وزیرخارجہ نے عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی ریاست کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہوگا، امریکی صدر کا فیصلہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔ سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط کا کہنا تھا کہ بیت المقدس کے حوالے سے امریکی فیصلے کی کوئی آئینی اور قانونی حیثیت نہیں جبکہ فیصلے سے خطے میں تشدد بڑھے گا۔

جلاس میں القدس کی حیثیت اور شناخت کی تبدیلی کے خلاف مزید مؤثر سفارتی اقدامات کرنے اور فلسطین کو ریاست تسلیم کرانے کیلئے مشترکہ سفارتی کوششیں تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ خطے میں آزاد وخودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر امن ناممکن ہے۔

عرب لیگ نے خطے اور فلسطین کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لئے سفارشات مرتب کردیں جنہیں رواں ماہ عرب وزرائے خارجہ اجلاس میں پیش کیا جائیگا۔