بنگلادیش کی فضائیہ کے سابق سربراہ ایئر چیف مارشل شیخ عبدالحنان کو قطر میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ان پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے اور کروڑوں ٹکے کی مشکوک مالی لین دین میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں، جبکہ ان کی اہلیہ بھی بدعنوانی کے مقدمات میں نامزد ہیں۔
بنگلادیشی میڈیا رپورٹس کے مطابق انسدادِ بدعنوانی کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اختر الاسلام نے تصدیق کی ہے کہ قطری حکام نے شیخ عبدالحنان کو 15 اکتوبر کو حراست میں لیا تھا۔ انٹرپول نے ای میل کے ذریعے بنگلادیشی کمیشن کو گرفتاری سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا۔
27 کروڑ ٹکے سے زائد مشکوک لین دین کا الزام
انسدادِ بدعنوانی کمیشن کی تحقیقات کے مطابق سابق فضائی سربراہ پر آمدن کے معلوم ذرائع سے زائد 3 کروڑ 28 لاکھ ٹکے سے زیادہ مالیت کے اثاثے بنانے کا الزام ہے۔
کمیشن کا دعویٰ ہے کہ شیخ عبدالحنان کے ذاتی نام پر موجود 6 بینک اکاؤنٹس کے ذریعے 27 کروڑ 63 لاکھ ٹکے کی مشکوک مالی لین دین بھی ہوئی۔ ان الزامات کی بنیاد پر جولائی 2025 میں ان کے خلاف غیر قانونی اثاثوں اور مبینہ منی لانڈرنگ سے متعلق مقدمات درج کیے گئے تھے۔
اہلیہ بھی مقدمے میں نامزد
شیخ عبدالحنان کی اہلیہ بھی انسدادِ بدعنوانی کمیشن کی تحقیقات کا سامنا کر رہی ہیں۔ کمیشن کے مطابق ان پر ایک کروڑ 91 لاکھ ٹکے سے زائد مالیت کے غیر قانونی اثاثے بنانے کا الزام ہے، جبکہ ان کے نام پر موجود 32 بینک اکاؤنٹس کے ذریعے ایک کروڑ 18 لاکھ ٹکے کی مشکوک مالی لین دین کی نشاندہی کی گئی ہے۔
تحقیقاتی حکام کے مطابق سابق فضائی سربراہ کے مبینہ بیرونِ ملک اثاثوں کا سراغ کینیڈا اور دبئی تک لگایا گیا ہے۔ ان کے بچوں کے نام پر تین مختلف ممالک میں رجسٹرڈ اثاثوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔
بینک اکاؤنٹس اور جائیدادیں منجمد کرنے کے احکامات
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈھاکا کی ایک عدالت نے مارچ میں شیخ عبدالحنان اور ان کی اہلیہ کے انکم ٹیکس ریکارڈ ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس سے قبل عدالت ان کے دو اپارٹمنٹس ضبط کرنے اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے احکامات بھی جاری کرچکی تھی۔
کمیشن کے مطابق سابق فضائی سربراہ کے بیرونِ ملک سفر پر پابندی بھی عائد تھی، تاہم وہ بنگلادیش سے باہر جانے میں کامیاب ہوگئے تھے۔
سابق بحری سربراہ کو بھی کرپشن مقدمات کا سامنا
رپورٹس کے مطابق بنگلادیش کی بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل محمد نذمل حسن کو بھی بدعنوانی کے مقدمات کا سامنا ہے اور وہ اس وقت بیرونِ ملک ہیں۔ تاہم ان کے بیرونِ ملک سفر پر عدالتی پابندی عائد نہیں کی گئی۔
شیخ عبدالحنان اور محمد نذمل حسن دونوں کو سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے دورِ حکومت میں مسلح افواج کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔
شیخ عبدالحنان کا فوجی کیریئر
شیخ عبدالحنان نے 1984 میں بنگلادیش ایئر فورس میں بطور جنرل ڈیوٹی پائلٹ کمیشن حاصل کیا تھا۔ انہوں نے 12 جون 2021 کو فضائیہ کے 16ویں سربراہ کی ذمہ داریاں سنبھالیں اور 11 جون 2024 کو عہدے سے ریٹائر ہوئے۔
واضح رہے کہ شیخ عبدالحنان اور ان کی اہلیہ کے خلاف عائد الزامات کی حتمی قانونی حیثیت کا تعین عدالتی کارروائی کے بعد ہوگا۔









