3

حوثیوں کے سعودی ایئرپورٹس پر حملے، ریاض کی درجنوں پروازیں منسوخ

یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے ابھا اور کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹس کو میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنائے جانے کے بعد ریاض آنے اور جانے والی متعدد پروازیں منسوخ یا مؤخر کردی گئیں۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران سعودی عرب کے دو ہوائی اڈوں پر حملوں کے بعد متعدد بین الاقوامی اور مقامی فضائی کمپنیوں نے ریاض کے لیے پروازیں منسوخ یا ملتوی کردی ہیں۔

سنگاپور ایئرلائنز نے ریاض کیلئے نئی پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ 28 مارچ تک مؤخر کردیا، جبکہ فلپائن ایئرلائنز نے سعودی دارالحکومت کیلئے پروازیں کم از کم 11 اکتوبر تک منسوخ کردی ہیں۔

سعودی فضائی کمپنی السعودیہ کے علاوہ مصر ایئر، انڈیگو اور ایئر انڈیا نے بھی ریاض سے روانہ ہونے والی متعدد پروازیں منسوخ کردی ہیں۔

دوسری جانب کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گزشتہ چند روز کے دوران فضائی آپریشن کئی گھنٹوں کیلئے متعدد بار معطل کیا گیا، تاہم صورتحال بہتر ہونے پر آپریشن بحال کردیا گیا۔

حالیہ حملوں کے باعث سعودی حکام کو ایئرپورٹس پر طیاروں کی محفوظ لینڈنگ اور ٹیک آف یقینی بنانے میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ جنوب مغربی علاقے میں واقع ابھا ایئرپورٹ بھی حملوں سے متاثر ہوا ہے۔

واضح رہے کہ ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے حملوں میں دو خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہوئے تھے۔