2

متحدہ عرب امارات میں پیٹرول کی قیمتیں 4 درہم فی لیٹر سے تجاوز کرگئیں

متحدہ عرب امارات میں اکتوبر 2026 کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا گیا ہے، جن کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا۔ نئی قیمتوں میں تمام اقسام کے پیٹرول اور ڈیزل کے نرخ بڑھا دیے گئے ہیں۔

نئے نرخوں کے مطابق سپر 98 پیٹرول کی قیمت 3.80 درہم سے بڑھ کر 4.40 درہم فی لیٹر ہوگئی، جبکہ اسپیشل 95 پیٹرول 3.69 درہم سے بڑھ کر 4.28 درہم فی لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح ای پلس 91 پیٹرول کی قیمت 3.61 درہم سے بڑھا کر 4.21 درہم فی لیٹر کردی گئی ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت 4.30 درہم سے بڑھ کر 4.80 درہم فی لیٹر ہوگئی۔

رپورٹس کے مطابق پیٹرول کی قیمتیں چار سال سے زائد عرصے بعد دوبارہ 4 درہم فی لیٹر کی سطح سے اوپر چلی گئی ہیں۔ اکتوبر میں ایندھن کی قیمتوں میں 16 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

نئے نرخوں کے باعث گاڑی کے سائز اور فیول ٹینک کی گنجائش کے مطابق شہریوں کو ستمبر کے مقابلے میں مکمل ٹینک کروانے پر تقریباً 30 سے 44 درہم تک اضافی ادائیگی کرنا پڑے گی۔

متحدہ عرب امارات میں ایندھن کی قیمتیں عالمی منڈی میں خام تیل کی اوسط قیمت اور دیگر متعلقہ اخراجات کی بنیاد پر ماہانہ طے کی جاتی ہیں۔ عالمی تیل قیمتوں میں حالیہ اتار چڑھاؤ کے باعث اکتوبر کے نرخوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔