4

آبنائے ہرمز میں 4 جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاع، عالمی منڈی میں تشویش

آبنائے ہرمز میں جہازرانی کی صورتحال معمول پر آنے کے بجائے مزید پیچیدہ ہوگئی ہے، جہاں تیل اور گیس لے جانے والے سمیت 4 تجارتی بحری جہازوں کو نامعلوم گولہ نما حملوں کا نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

برطانوی میری ٹائم ادارے یو کے ایم ٹی او کے مطابق 29 ستمبر کو آبنائے ہرمز میں 3 تجارتی بحری جہازوں کو نامعلوم سمت سے آنے والے گولہ نما حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔ متاثرہ جہازوں میں خام تیل بردار اور مائع قدرتی گیس (LNG) بردار جہاز بھی شامل تھے۔

رپورٹ کے مطابق 28 ستمبر کو ایک اور LNG ٹینکر کو بھی پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا تھا، جس کی اطلاع 30 ستمبر کو سامنے آئی۔

حکام کے مطابق خام تیل بردار جہاز کے بائیں جانب نامعلوم گولہ لگا، تاہم واقعے میں جانی نقصان یا مالی نقصان کی مکمل تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں اور تحقیقات جاری ہیں۔

یو کے ایم ٹی او کے مطابق حملوں میں استعمال ہونے والے ہتھیار، حملہ آوروں اور واقعات کے محرکات کے بارے میں فوری طور پر کوئی حتمی معلومات دستیاب نہیں۔ کسی گروپ نے بھی ان واقعات کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کا اہم سمندری راستہ ہے، اس لیے وہاں تجارتی جہازوں کو پیش آنے والے واقعات سے تیل اور گیس کی عالمی سپلائی کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

یو کے ایم ٹی او نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کو محتاط رہنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔