5

غزہ میں اسرائیلی زمینی کارروائی، حماس کے سیکیورٹی چیف معین العربید گرفتار

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ سٹی میں زمینی کارروائی کے دوران حماس کے سیکیورٹی چیف معین محمد العربید کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج اور شن بیت کے مطابق معین العربید کو یکم ستمبر 2026 کو کارروائی کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا اور تفتیش کیلئے اسرائیل منتقل کردیا گیا۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ حماس کے داخلی سیکیورٹی ڈھانچے کے سربراہ اور تنظیم کے اہم ارکان میں شامل تھے۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے گرفتاری کے بعد کہا کہ معین العربید ان سینئر ارکان میں شامل تھے جو غزہ میں حماس کی تنظیم نو اور بحالی کی کوششوں میں ملوث تھے۔ اسرائیل کی جانب سے یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ وہ یرغمالیوں سے متعلق سرگرمیوں میں شریک رہے ہیں۔

دوسری جانب حماس اور غزہ میں اس کے زیرانتظام وزارت داخلہ نے اسرائیلی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کارروائی کو بربریت قرار دیا ہے۔ حماس کے مطابق معین العربید کو زخمی کرنے کے بعد گرفتار کیا گیا جبکہ کارروائی میں ان کی اہلیہ جاں بحق اور کئی بچے زخمی ہوئے۔

حماس سے وابستہ ایک سیکیورٹی ذریعے نے اس دعوے کی بھی تردید کی ہے کہ معین العربید اسرائیلی یرغمالیوں کے معاملے میں ملوث تھے۔

واقعے کے حوالے سے دونوں فریقوں کے بیانات میں واضح اختلاف پایا جاتا ہے، جبکہ غزہ میں اسرائیلی زمینی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔