1

پیوٹن کی ایرانی صدر سے ملاقات، روس کی ایران کیلئے حمایت کا اعلان

شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایرانی ہم منصب مسعود پزیشکیان سے ملاقات کی ہے، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران روسی صدر نے ایران کیلئے مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ روس مشکل حالات میں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

ولادیمیر پیوٹن نے امریکی پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ایران کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ فوجی اور سیاسی کشیدگی دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔

ایرانی ایوانِ صدر کے مطابق ملاقات میں باہمی تعاون کے مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امور پر گفتگو ہوئی۔

روس کا ایران کے ساتھ اقتصادی روابط برقرار رکھنے کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا نے ایران کے ساتھ اقتصادی تعاون کرنے والے ممالک کے خلاف مزید پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دے رکھی ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ برسوں کے دوران دفاع، توانائی، تجارت اور علاقائی امور سمیت مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہوا ہے۔

ملاقات کو خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں روس اور ایران کے درمیان بڑھتے ہوئے سیاسی و اقتصادی تعاون کی اہم علامت قرار دیا جا رہا ہے۔