2

تیل کی برآمدات پر کوئی پابندی قبول نہیں: اسپیکر باقر قالیباف

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے ایرانی تیل کی برآمدات روکنے سے متعلق دعوے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ واضح ہے، یا تو ہر کوئی تیل فروخت کرے گا یا پھر کوئی نہیں۔

باقر قالیباف نے خبردار کیا کہ اگر ایران کی سیکیورٹی کی ضمانت نہیں دی گئی تو خطے میں کوئی بھی بنیادی ڈھانچہ محفوظ نہیں رہے گا۔

آبنائے ہرمز کے حوالے سے ایرانی اسپیکر نے کہا کہ یہ اہم آبی گزرگاہ صرف اس صورت میں محفوظ رہے گی جب امریکی افواج وہاں موجود نہ ہوں۔

انہوں نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز جنگ سے پہلے والی صورتحال میں واپس نہیں آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنی سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے معاملے پر واضح پالیسی رکھتا ہے۔

باقر قالیباف کے مطابق ایران کی سلامتی کو یقینی بنائے بغیر خطے میں بنیادی ڈھانچے اور اہم تنصیبات کے تحفظ کی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔

ایرانی اسپیکر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایرانی تیل کی برآمدات، آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت اور خطے میں بڑھتی کشیدگی عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

قالیباف کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران تیل کی برآمدات اور آبنائے ہرمز کے معاملے پر اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں، جبکہ خطے کی سلامتی اور عالمی توانائی کی سپلائی پر اس صورتحال کے ممکنہ اثرات پر بھی گہری نظر رکھی جارہی ہے۔