2

نیپال: سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 362 ہوگئی

نیپال میں اچانک آنے والے سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 362 ہوگئی جبکہ 500 سے زائد افراد تاحال لاپتا ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نیپال کے ضلع راسووا میں اچانک آنے والے شدید سیلابی ریلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کی جانب سے لاپتا افراد کی تلاش کیلئے مختلف ٹیمیں مصروف عمل ہیں۔

نیپال کے سیاحتی حکام کے مطابق لاپتا افراد میں 400 سے زائد غیرملکی شہری بھی شامل ہیں۔ لاپتا غیرملکیوں میں 142 بھارتی، 54 امریکی، 34 آسٹریلوی، 33 برطانوی، 24 کینیڈین، 17 ملائیشین اور 53 یوکرینی شہری شامل ہیں۔

اس کے علاوہ جنوبی کوریا، جنوبی افریقہ، پرتگال اور نیدرلینڈز سے تعلق رکھنے والے بعض افراد بھی لاپتا ہیں۔

دوسری جانب چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق تبت کے علاقے گیرونگ میں مٹی کے تودے گرنے کے واقعات کے بعد 558 افراد لاپتا ہیں، جن میں 260 غیرملکی شہری بھی شامل ہیں، جبکہ حادثات میں 3 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

چینی میڈیا کے مطابق سیلاب اور مٹی کے تودوں کے باعث سرحدی علاقے میں گھروں، سڑکوں اور بجلی کے منصوبوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ لاپتا افراد کی تلاش کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔