3

ٹرمپ کا کینیڈا کی مصنوعات پر ٹیرف بڑھانے کا فیصلہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا سے درآمد ہونے والی گاڑیوں، ٹرکوں، اسپیئر پارٹس اور اسٹیل پر ٹیرف بڑھا کر 50 فیصد کرنے کا اعلان کردیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق نئی ٹیرف شرح یکم جنوری 2027 سے نافذ ہوگی۔ ان کا کہنا ہے کہ کینیڈا کے ساتھ امریکا کا تجارتی خسارہ 60 ارب ڈالر سے تجاوز کرچکا ہے، جو موجودہ صورتحال میں قابل قبول نہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ جو کمپنیاں امریکا میں گاڑیاں یا ٹرک تیار کریں گی، انہیں ان ٹیرف سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد امریکا میں مقامی مینوفیکچرنگ، صنعتی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔

ٹرمپ نے کینیڈا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو طویل عرصے سے تجارتی نقصان کا سامنا رہا ہے اور اب یہ صورتحال مزید جاری نہیں رہ سکتی۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ کینیڈا کے ساتھ اب کسی امریکی ریاست کی طرح برتاؤ نہیں کیا جائے گا، بلکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں امریکی مفادات کو ترجیح دی جائے گی۔

ٹرمپ کے مطابق کینیڈا کی تقریباً 95 فیصد تجارت امریکا کے ساتھ ہے، جبکہ نئی ٹیرف پالیسی کے ذریعے امریکی صنعت اور ملازمتوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔