بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ سی اے اے ون سے بڑھا کر بی تھری کر دی ہے، جبکہ ملک کا معاشی آؤٹ لک مستحکم برقرار رکھا ہے۔ گزشتہ بارہ ماہ کے دوران موڈیز کی جانب سے پاکستان کی درجہ بندی میں یہ مسلسل دوسری بہتری ہے۔
ایجنسی کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ریٹنگ میں بہتری کی بنیادی وجوہات میں گورننس کا معیار بہتر ہونا، زرمبادلہ کے ملکی ذخائر میں مسلسل اضافہ، مقامی قرضوں پر لاگت میں کمی اور پائیدار معاشی استحکام شامل ہیں۔ موڈیز کا کہنا ہے کہ میکرواکنامک استحکام کے باعث ملک کے بیرونی مالیاتی خطرات میں واضح کمی آئی ہے، جبکہ بہتر مالیاتی حکمتِ عملی اور مانیٹری پالیسی میں نرمی سے قرضوں کی ادائیگی کی صلاحیت بھی مستحکم ہوئی ہے۔ ان مثبت اشاریوں سے پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کی پوزیشن مزید مضبوط ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے موڈیز کی جانب سے ملک کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں اضافے کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے اس پیش رفت کو ملکی معیشت کی درست سمت کا عکاس قرار دیتے ہوئے حکومتی معاشی ٹیم کی مسلسل کاوشوں اور محنت کی پزیرائی کی۔









