3

یمن اور صومالیہ کے قریب قزاقوں کا 2 جہازوں پر قبضہ،22 بھارتی ملاح اغوا

یمن اور صومالیہ کے قریب مسلح بحری قزاقوں نے الگ الگ کارروائیوں میں دو تجارتی جہاز اغوا کرلیے، جن پر مجموعی طور پر 22 بھارتی ملاح سوار ہیں۔

رپورٹس کے مطابق پہلا واقعہ 17 اگست کو صومالیہ کے علاقے پونٹ لینڈ کے ساحل کے قریب پیش آیا، جہاں کیمرون کے پرچم بردار تجارتی جہاز ایم وی لُطف کو مسلح قزاقوں نے اپنے قبضے میں لے لیا۔ جہاز پر موجود 10 رکنی عملے میں 6 بھارتی شہری شامل ہیں۔

دوسرا واقعہ خلیج عدن میں پیش آیا، جہاں مسلح قزاقوں نے اریٹیریا کے پرچم بردار آئل ٹینکر کو قبضے میں لے کر صومالیہ کی جانب منتقل کردیا۔ جہاز پر موجود 20 ملاحوں میں 16 بھارتی شہری شامل ہیں۔

اس طرح دونوں واقعات میں مجموعی طور پر 22 بھارتی ملاح قزاقوں کے قبضے میں ہیں، تاہم ان کی موجودہ صورتحال اور مقام کے بارے میں تاحال تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

بھارتی حکام کے مطابق مغوی ملاحوں کی سلامتی اولین ترجیح ہے اور ان کی رہائی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ حکام نے مزید تفصیلات سے متعلق محتاط مؤقف اختیار کیا ہے۔

حالیہ واقعات کو خطے میں بحری قزاقی کے واقعات قرار دیا جارہا ہے، جو ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی سے الگ نوعیت رکھتے ہیں۔

دریں اثنا خطے میں پہلے بھی تجارتی جہازوں کو حملوں کا سامنا رہا ہے، جن میں بھارتی ملاح ہلاک اور زخمی ہوئے۔ تاہم حکام کے مطابق موجودہ دونوں واقعات فوجی کارروائیاں نہیں بلکہ مسلح بحری قزاقوں کے حملے ہیں۔

بھارتی حکام کی جانب سے مغوی ملاحوں اور جہازوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے متعلقہ اداروں اور بین الاقوامی شراکت داروں سے رابطے جاری رکھنے کا بتایا گیا ہے۔