ترکیے نے غزہ کے لیے انسانی امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا سے متعلق مقدمے میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے خلاف انٹرپول ریڈ نوٹس کی کارروائی شروع کردی ہے۔
ترکیے کے وزیر انصاف اکِن گورلیک کے مطابق غزہ جانے والے امدادی فلوٹیلا کے کارکنوں کے خلاف بین الاقوامی پانیوں میں مبینہ کارروائی کے معاملے پر استنبول کی 11ویں ہائی کرمنل کورٹ میں نیتن یاہو، افیک موسکووچ سمیت 35 ملزمان کے خلاف مقدمہ زیر سماعت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نیتن یاہو اور افیک موسکووچ کے خلاف 14 جولائی 2026 کو مبینہ نسل کشی کے الزام میں گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے گئے تھے، جس کے بعد ترک وزارت انصاف نے وزارت داخلہ سے دونوں کے خلاف انٹرپول ریڈ نوٹس کے اجرا کی درخواست کی ہے۔ متعلقہ دستاویزات وزارت خارجہ کو بھی بھیج دی گئی ہیں۔
ترک حکام کے مطابق مقدمے میں غزہ کے لیے انسانی امداد لے جانے والے شہریوں کے خلاف مبینہ مسلح مداخلت اور انہیں حراست میں لینے کے الزامات شامل ہیں۔ مقدمے میں انسانیت کے خلاف جرائم، نسل کشی، تشدد، املاک کو نقصان پہنچانے اور دیگر الزامات بھی درج ہیں۔
وزیر انصاف اکِن گورلیک نے کہا کہ غزہ میں مبینہ جرائم پر پردہ ڈالنے یا ذمہ دار افراد کو استثنیٰ دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ترکیے دستیاب ملکی و بین الاقوامی قانونی ذرائع استعمال کرے گا۔
یہ کارروائی مئی 2026 میں گلوبل صمود فلوٹیلا کے کارکنوں کو بین الاقوامی پانیوں میں روکنے اور حراست میں لیے جانے سے متعلق مقدمے کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔









