روس اور امریکا نے دوطرفہ تعلقات میں موجود مسائل اور رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کرلیا، جبکہ آئندہ رابطے کی تاریخ طے کرنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مشاورت جاری ہے۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو واشنگٹن کے ساتھ بامقصد مذاکرات جاری رکھنے کے لیے تیار ہے تاکہ ترجیحی مسائل کے حل کی جانب پیش رفت کی جاسکے اور دونوں ممالک کے تعلقات معمول پر لانے کی بنیاد فراہم ہو۔
ماریہ زخارووا کے مطابق 23 جولائی کو روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ہونے والی بات چیت میں مذاکراتی عمل آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ ملاقات کی تاریخ طے کرنے کے لیے مشاورت جاری ہے، تاہم ملاقات سے متعلق تفصیلات پیشگی ظاہر نہیں کی جائیں گی۔
روسی ترجمان کا کہنا تھا کہ ماسکو سمجھتا ہے کہ اس فارمیٹ میں مذاکرات کو خاموشی سے جاری رکھنا زیادہ مؤثر ہے۔ روس چاہتا ہے کہ بات چیت صرف سفارتی مشنز کے تکنیکی معاملات تک محدود نہ رہے بلکہ دونوں ممالک کے تعلقات کی بحالی میں اہم کردار ادا کرنے والے بنیادی معاملات پر بھی پیش رفت ہو۔
ماریہ زخارووا نے کہا کہ روس کی اہم ترجیحات میں امریکا میں تحویل میں لی گئی روسی سفارتی املاک کی واپسی اور دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست فضائی رابطوں کی بحالی شامل ہیں۔
ان کے مطابق سفارتی مشنز کی سرگرمیوں کی مکمل بحالی کے حوالے سے کچھ پیش رفت ہوئی ہے، تاہم دونوں ممالک کے مؤقف میں اختلافات کے باعث یہ عمل ابھی مکمل نہیں ہوسکا۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ روس اور امریکا کے درمیان کھوئے ہوئے اعتماد کی بحالی بھی ضروری ہے اور ماسکو اس مقصد کے لیے واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔









