2

ٹرمپ سے زیادہ ٹیکسی ڈرائیور کی بات پر اعتماد ہے؛ ایرانی جنرل کا امریکی صدر پر طنز

امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں توسیع اور آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق مذاکرات میں تعطل کے باعث خطے میں کشیدگی اور تناؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق جنگ بندی مذاکرات کے لیے ثالثی کی کوششیں جاری ہیں، تاہم اب تک ایران اور امریکا کے اعلیٰ حکام کے درمیان براہِ راست ملاقات نہیں ہوسکی۔

عدم اعتماد کی فضا کے باعث دونوں ممالک کے رہنماؤں اور عسکری حکام کی جانب سے سخت بیانات کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہوتی جارہی ہے۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مشیر بریگیڈیئر جنرل محمد رضا نقدی نے امریکا کی جانب سے ایران پر اقتصادی پابندیوں کی دھمکی پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

بریگیڈیئر جنرل محمد رضا نقدی نے ٹرمپ کو تنگ نظر اور بچکانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کے پاس مستقبل کے لیے کوئی طویل المدتی وژن نہیں اور وہ دور رس سوچ سے محروم ہیں۔

ایرانی جنرل نے امریکی صدر کو ناقابلِ اعتماد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کے بیانات میں مستقل مزاجی نہیں، جس کے باعث ان کے وعدوں پر بھروسا کرنا مشکل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو ایسے زبانی وعدوں پر اعتماد نہیں کرنا چاہیے جن کے پیچھے قابلِ عمل اور قابلِ نفاذ ضمانتیں موجود نہ ہوں۔

بریگیڈیئر جنرل محمد رضا نقدی کا کہنا تھا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں ایک ٹیکسی ڈرائیور کی بات پر زیادہ اعتماد کریں گے۔

ایرانی جنرل نے دعویٰ کیا کہ امریکا جنگ میں ایران کے خلاف اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ان کے مطابق امریکا ایران میں حکومت کی تبدیلی اور ملک کو تقسیم کرنا چاہتا تھا، تاہم وہ اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکا۔