3

اسرائیلی فوج کا غزہ پولیس کی چیک پوسٹ پر حملہ، 9 فلسطینی شہید

غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں کا سلسلہ مکمل طور پر رک نہیں سکا، تازہ حملے میں شہری پولیس کے ایک مرکز کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 9 فلسطینی شہید اور 15 زخمی ہوگئے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کے طیاروں نے غزہ میں شہری پولیس کے مرکز پر بمباری کی۔ حملے کے بعد زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

غزہ کی وزارت داخلہ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اسرائیل جان بوجھ کر پولیس فورس کو نشانہ بنا رہا ہے تاکہ محصور علاقے میں بدامنی اور افراتفری پیدا کی جاسکے۔

وزارت داخلہ کے مطابق حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار جنگ کے دوران شہریوں کی حفاظت اور بنیادی نظم و نسق برقرار رکھنے کی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں ایسے عناصر کو نشانہ بنایا گیا جو اسرائیل اور یہودی آبادکاروں پر حملوں میں ملوث رہے ہیں۔

فلسطینی حکام غزہ کی پولیس کو بنیادی طور پر شہری نظم و نسق برقرار رکھنے والی فورس قرار دیتے ہیں، جبکہ اسرائیلی حکام حماس کے زیر انتظام پولیس فورس کے بعض اہلکاروں کو مسلح تنظیم سے وابستہ قرار دیتے رہے ہیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں اور فائرنگ کے واقعات مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے۔

رپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں غزہ شہر میں اسرائیلی ڈرون حملے میں پولیس سربراہ جمال ابو کمیل بھی شہید ہوئے تھے، جبکہ خان یونس میں ایک اور حملے میں ایک فلسطینی جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوا۔

دوسری جانب امریکی نمائندے مصر، قطر اور ترکیہ کے ثالثوں کے ساتھ غزہ امن منصوبے پر بات چیت کر رہے ہیں، جس میں جنگ بندی، حماس کو غیر مسلح کرنے، اسرائیلی فوج کے انخلا اور غزہ کی تعمیر نو سے متعلق امور شامل ہیں۔