ہنگری میں پولینڈ کے سیاحوں کو لے جانے والی بس خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق جبکہ کم از کم 10 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ مشرقی ہنگری کے علاقے میں میزُوکیرِشٹیش کے قریب ایم تھری موٹروے پر پیش آیا۔ پولینڈ میں رجسٹرڈ بس شہر نیرِیگ ہازا کی جانب جارہی تھی کہ اچانک سڑک سے اتر کر کنارے موجود گڑھے میں جاگری اور الٹ گئی۔
حادثے کے بعد امدادی اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بس میں پھنسے مسافروں کو نکالا اور زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا۔
ہنگری کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق بس میں 57 مسافر اور 2 ڈرائیور سوار تھے۔ پولیس نے حادثے کے بعد بس کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ڈرائیور دورانِ سفر سو گیا تھا، جس کے باعث بس بے قابو ہوکر سڑک سے اتر گئی۔ تاہم حادثے کی حتمی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
حادثے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر میں سرخ رنگ کی بس موٹروے کے کنارے ایک گڑھے میں الٹی ہوئی دکھائی دے رہی ہے، جبکہ بس کی کھڑکیاں ٹوٹی ہوئی اور مسافروں کا سامان جائے حادثہ پر بکھرا ہوا نظر آیا۔
پولینڈ کے صدر کارول ناوروتسکی نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
پولش وزارت خارجہ کے مطابق قونصلر حکام متاثرہ افراد اور ان کے اہل خانہ کی مدد کے لیے اقدامات کررہے ہیں، جبکہ ہنگری کے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر حادثے سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔
حکام کے مطابق حادثے کی مکمل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔









