پاکستان کے قومی خلائی تحقیق کے ادارے سپارکو نے ملک کی پہلی قمری گاڑی (مون روور) کا سرکاری نام ’جناح-1‘ مقرر کرتے ہوئے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
سپارکو حکام کے مطابق اس نام کا انتخاب ایک ملک گیر عام مقابلے کے ذریعے کیا گیا، جس میں ملک بھر سے شہریوں کی جانب سے 4 ہزار سے زائد مختلف تجاویز موصول ہوئی تھیں۔ ان میں سے 7 شرکاء نے 'جناح-1' نام تجویز کیا، جس کے بعد قرعہ اندازی کے ذریعے بہاولنگر سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ نوجوان طیب کریم کو فاتح قرار دیا گیا۔
چیئرمین سپارکو نے اپنے بیان میں کہا کہ 'جناح-1' کا نام قائد اعظم کی بصیرت کو خراج تحسین ہے اور یہ روور پاکستان کے عزم، سائنسی پیشرفت اور خلائی تحقیق کی دنیا میں ایک نئے روشن افق کی علامت ہے۔ پاکستان کا یہ پہلا قمری روور سال 2029ء میں چین کے تاریخی 'چانگ ای-8' مشن کے ذریعے خلا میں روانہ کیا جائے گا، جہاں یہ چاند کے جنوبی قطب (South Pole) پر اہم سائنسی تحقیق اور تجربات انجام دے گا۔









