11

آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے ایران عمان مذاکرات فیصلہ کن مرحلے میں پہنچ گئے

قطر نے کہا ہے کہ ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے انتظامات سے متعلق مذاکرات اہم اور فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان بات چیت میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ قطر خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے ہونے والی تمام سفارتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

ماجد الانصاری نے کہا کہ قطر کی خواہش ہے کہ آبنائے ہرمز کو جلد از جلد دوبارہ کھولا جائے اور تجارتی جہازوں کی معمول کی آمدورفت بحال ہو۔ قطر اس معاملے میں ثالثی اور سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

ایران اور عمان کے درمیان جاری مذاکرات میں آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت اور مستقبل کے بحری انتظامات پر بات چیت کی جارہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایران نے گزشتہ ہفتے بتایا تھا کہ دونوں ممالک آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ایک مجوزہ بحری راستے کے جغرافیائی نقاط پر اتفاق کرچکے ہیں جبکہ مشترکہ اعلان کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

تاہم ایران نے واضح کیا ہے کہ ایران اور عمان کے درمیان کسی انتظام پر اتفاق ہوجانا آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر دوبارہ کھولنے کی ضمانت نہیں ہوگا۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے مطابق عمان کے ساتھ معاہدہ حتمی مراحل کے قریب ہے، تاہم آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنے کیلئے امریکا کو ایران کے دیگر مطالبات بھی پورے کرنا ہوں گے۔ ان مطالبات میں امریکی پابندیوں میں نرمی، ایرانی اثاثوں کی بحالی اور جنگ سے متعلق معاوضے سمیت دیگر امور شامل ہیں۔

دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ایران کے دورے پر تہران پہنچ چکے ہیں، جہاں وہ ایرانی حکام سے ملاقاتوں کے دوران کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بات چیت کریں گے۔