جنوبی امریکی ملک کولمبیا کے مغربی علاقے میں 7.4 شدت کے شدید زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق زلزلے کے شدید جھٹکے پڑوسی ملک ایکواڈور میں بھی محسوس کیے گئے، جس کے بعد شہری خوف کے باعث گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
کولمبیا کے شہر کیلی کے میئر کے مطابق زلزلے کے باعث کم از کم 20 عمارتیں منہدم ہوگئیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
میئر کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن میں مدد کیلئے دارالحکومت بوگوٹا اور میڈیلین سے خصوصی ٹیمیں طلب کرلی گئی ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز چوکوا کے علاقے کی میونسپلٹی سان جوز ڈیل پالمر میں تھا، جو دارالحکومت بوگوٹا سے تقریباً 400 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔
زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی اور ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ حکام عمارتوں کو پہنچنے والے نقصان اور مزید ممکنہ جانی نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں۔









