برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو کے جنگلاتی علاقے میں ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔
برازیلی حکام کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں ہیلی کاپٹر کا پائلٹ اور 3 مسافر شامل ہیں، تاہم تمام افراد کی مکمل شناخت کا عمل تاحال مکمل نہیں ہوسکا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی فائر ڈپارٹمنٹ نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔
برازیل میں کولمبیا کی قونصل جنرل ڈیانا پیز نے ای ایف ای نیوز ایجنسی کو بتایا کہ حادثے میں 2 لاشیں مکمل طور پر جل گئی ہیں، جس کے باعث شناخت کے عمل میں دشواری پیش آرہی ہے۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی فوٹیج میں حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر آگ کے شعلے بلند ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔
حکام کے مطابق حادثے کے بعد فائر فائٹنگ کی خصوصی ٹیموں کو متاثرہ علاقے میں روانہ کردیا گیا، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔









