3

آبنائے ہرمز کھولنے پر ایران اور عمان مذاکرات میں بڑی پیش رفت سامنے آگئی

ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز کو دوبارہ تجارتی جہازوں کیلئے کھولنے کے مجوزہ معاہدے پر مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

عالمی ذرائع کے مطابق مجوزہ معاہدے کے تحت خلیج فارس میں داخل ہونے والے تجارتی جہاز ایران کے زیر انتظام بحری راستے سے گزریں گے، جبکہ خلیج سے باہر جانے والے جہاز عمان کے زیر انتظام راستہ استعمال کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک بحری سلامتی، جہازوں کی رہنمائی اور سمندری ماحول کے تحفظ کی خدمات کے عوض سروس فیس وصول کریں گے، تاہم مذاکرات تاحال جاری ہیں اور حتمی معاہدے میں تبدیلی کا امکان موجود ہے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق مجوزہ معاہدے کو ایران کی بندرگاہوں پر عائد امریکی بحری پابندیوں کے خاتمے سے بھی جوڑا جا رہا ہے۔ اگر امریکا پابندیاں ختم کرنے پر آمادہ ہوتا ہے تو معاہدے کو حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔

اس سے قبل امریکی حکام بھی ایران اور عمان کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت کی تصدیق کر چکے ہیں، تاہم کسی حتمی معاہدے کا اعلان نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب عالمی شپنگ کمپنیاں سیکیورٹی خدشات کے باعث اب بھی محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں، جبکہ کئی جہاز متبادل راستے استعمال کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شامل ہے جہاں سے عالمی خام تیل اور مائع قدرتی گیس کی بڑی مقدار منتقل ہوتی ہے۔ معاہدہ طے پانے کی صورت میں عالمی تجارت اور توانائی کی مارکیٹ پر مثبت اثرات مرتب ہونے کی توقع ہے۔